Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

جج عبدالحکیم کاکڑ کا قتل، مسافر بس پر فائرنگ اور کرفیو جیسے واقعات بدترین جبر کی نشانی اور بلوچستان کی حقیقی صورتحال کی عکاس ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی

بلوچستان میں ریاستی جبر اور تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ روز مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کا قتل، سوراب میں مسافر بس پر فائرنگ اور کھڈ کوچہ میں کرفیو محض اتفاقی یا دفاعی واقعات نہیں بلکہ ان کے پسِ پردہ ریاستی پالیسی اور طرزِ عمل کارفرما ہیں۔

عبدالحکیم کاکڑ ایک جج کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے حساس نوعیت کے مقدمات، بالخصوص جبری گمشدگیوں سے متعلق کیسز کی سماعت کرتے رہے، اور عدالتی کارروائی کے دوران متعلقہ اداروں سے سوالات اور جوابدہی کا مطالبہ بھی کرتے رہے۔ ایسے حالات میں ان کو دن دہاڑے قتل کرنا بلوچستان میں قابل جج اور وکلا کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔

اسی طرح چند روز قبل سوراب میں ایک مسافر بس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں عام مسافر سوار تھے۔ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت عام لوگ ہلاک ہوئے۔ پے در پے پیش آنے والے ایسے واقعات بلوچستان کی حقیقی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں کہ آج بلوچستان میں ریاست کی بلوچ نسل کشی پالیسی کے سبب حالات کس نہج تک پہنچ چکے جہاں نہ مسافر محفوظ ہے، نہ جج اور نہ عام شہری اپنے گھروں میں محفوظ ہے۔

جبکہ ریاستی جانب سے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں مسلسل تین روز سے کرفیو نافذ ہے جس کے سبب عام شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عرصہ دراز سے سخت سیکیورٹی پابندیاں معمول بن چکی ہیں۔ متعدد علاقوں میں لوگوں کو اپنے ہی گاؤں آنے جانے، جبکہ بعض مقامات پر شادی، تعزیت اور دیگر سماجی تقریبات کے لیے بھی متعلقہ حکام سے اجازت لینا پڑتی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی سمجھتی ہے کہ بلوچستان میں ریاست کی بلوچ نسل کشی پالیسی اور تشدد اور طاقت کے استعمال نے بلوچستان میں عام شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ کوئی بھی شہری محفوظ نہیں ہے۔ بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم اقوامِ متحدہ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بلوچستان کی صورتحال میں مداخلت کر کے ریاست کو بلوچ نسل کشی، تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔

جج عبدالحکیم کاکڑ کا قتل، مسافر بس پر فائرنگ اور کرفیو جیسے واقعات بدترین جبر کی نشانی اور بلوچستان کی حقیقی صورتحال کی عکاس ہے۔
What's your reaction?
0Smile0Angry0LOL0Sad0Love