بلوچ یکجہتی کمیٹی
گزشتہ شب بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی رکن سید بی بی سمیت تقریباً پندرہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد آج پورے تربت شہر کو عملاً محاصرے اور کرفیو جیسی صورتحال میں رکھا گیا، عوام کی نقل و حرکت محدود کی گئی اور خوف و ہراس کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم تمام تر رکاوٹوں، دھونس اور دباؤ کے باوجود مظاہرین شہید فدا چوک پہنچنے میں کامیاب رہے تاکہ اپنے آئینی اور بنیادی جمہوری حق، یعنی پُرامن احتجاج، کا استعمال کر سکیں۔
ریاست نے ایک بار پھر اس پُرامن اجتماع کا جواب لاٹھی چارج، تشدد اور گرفتاریوں کی صورت میں دیا۔ سات خواتین کو حراست میں لیا گیا، جبکہ احتجاج کی ویڈیو بنانے والے مظاہرین اور عام شہریوں کے موبائل فون توڑے گئے اور متعدد فون ضبط بھی کر لیے گئے۔ یہ اقدامات محض احتجاج کو منتشر کرنے کی کوشش نہیں بلکہ حقائق کو عوام اور دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی ایک منظم پالیسی کا حصہ ہیں۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ تربت پولیس نے اپنے آئینی، قانونی اور پیشہ ورانہ فرائض سے انحراف کرتے ہوئے ریاستی فورسز کے شانہ بشانہ پُرامن شہریوں پر تشدد میں حصہ لیا۔ آج کے بعد بلوچ عوام کے لیے تربت پولیس اور دیگر ریاستی فورسز کے کردار میں کوئی نمایاں فرق باقی نہیں رہا، کیونکہ پولیس بھی بلوچ عوام کے خلاف جاری جبر اور بلوچ نسل کشی کا عملی حصہ بنتی جا رہی ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی اس بیان کے ذریعے تربت پریس کلب کے معزز اراکین کی توجہ ایک نہایت سنگین معاملے کی جانب مبذول کرانا چاہتی ہے۔ گزشتہ رات تربت پریس کلب سے وابستہ ایک صحافی نے سیاسی کارکنوں کو فون کر کے انہیں مظاہرے میں شرکت کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ مزید یہ کہ جب پولیس مظاہرین پر لاٹھی چارج اور تشدد کر رہی تھی تو بعض صحافی ان واقعات کو دستاویزی شکل دینے اور عوام تک حقائق پہنچانے کے بجائے خاموش تماشائی بنے رہے۔ صحافت کا بنیادی فریضہ طاقت کا احتساب اور مظلوم کی آواز کو دنیا تک پہنچانا ہے؛ لہٰذا ایسے عناصر نہ صرف صحافتی اخلاقیات سے انحراف کے مرتکب ہیں بلکہ عملی طور پر ریاستی جبر کو تقویت دینے کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔
ہم تربت پریس کلب کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صحافت کے مقدس پیشے کو بدنام کرنے والے ایسے عناصر کے کردار کا جائزہ لیں اور انہیں اپنی صفوں میں جگہ دینے کے نتائج پر سنجیدگی سے غور کریں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی واضح کرتی ہے کہ بلوچ عوام کے خلاف جاری ظلم، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور سیاسی جبر کے ماحول میں جو بھی شخص ریاستی پالیسیوں کا معاون اور سہولت کار بنے گا، وہ تاریخ کے سامنے جواب دہ ہوگا۔ ایسے افراد شاید وقتی طور پر طاقت کے سائے میں خود کو محفوظ سمجھیں، لیکن بلوچ قوم کی اجتماعی یادداشت ایسے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ بلوچ قوم ایسے افراد کا سماجی بائیکاٹ کرے گی، اور یہ سیاہ داغ ہمیشہ ان کے اور ان کے خاندان کے ماتھے پر ثبت رہے گا۔
ہم ریاست کو بھی واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر ایک پُرامن احتجاج کو روکنے کے لیے پورا ریاستی ڈھانچہ، پولیس، انتظامیہ اور طاقت کے دیگر تمام ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں تو یہ دراصل ریاست کی طاقت نہیں بلکہ اس کی ناکامی کا اعتراف ہے۔ عوامی آواز کو تشدد، گرفتاریوں اور خوف کے ذریعے دبایا جا سکتا ہے، لیکن اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جبر وقتی طور پر راستے روک سکتا ہے، مگر عوامی شعور اور اجتماعی مزاحمت کو شکست نہیں دے سکتا۔

