Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

فیس لیس ٹرائل کے خلاف رہنماؤں کا جیل کے اندر احتجاج جاری ہے

بلوچ یکجہتی کمیٹی

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما گزشتہ آٹھ روز سے جیل کے اندر ”فیس لیس ٹرائل“ (Faceless Trial) کے خلاف احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

اس دوران جج ان کی عدم موجودگی میں بھی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھا رہے ہیں۔ فیس لیس ٹرائل کے ذریعے تنظیم کے ساتھیوں اور ان کے وکلا کو استغاثہ، سرکاری گواہوں اور ریاستی مؤقف پر مؤثر جرح سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ یکطرفہ کارروائی کے ذریعے من پسند فیصلے حاصل کیے جا سکیں۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب پراسیکیوٹر جنرل نے جیل ٹرائل کے دوران عدالت پر دباؤ ڈالتے ہوئے مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کا مطالبہ کیا۔ یہ صورتحال اس تاثر کو تقویت دیتی ہے کہ خفیہ ادارے، فوج، عدلیہ اور جج صاحبان ایک مخصوص نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو عدالتی آزادی اور انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔

گزشتہ تین روز کے دوران جیل انتظامیہ نے عدالت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا کہ تنظیم کے رہنما فیس لیس ٹرائل اور عدالت کی جانب سے مقرر کردہ وکلا کو تسلیم کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ اس کے باوجود عدالت نے ان کے نام پر سرکاری وکلا مقرر کر دیے اور کارروائی جاری رکھی۔ ہر شہری کا بنیادی قانونی حق ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے وکیل کا انتخاب کرے۔ جب ملزمان واضح طور پر کسی وکیل کی نمائندگی مسترد کر چکے ہوں تو ایسے وکلا کو ان پر مسلط کرنا انصاف اور قانونی تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

یہ تمام صورتحال اس تاثر کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ اس مقدمے میں شامل حکومتی وکلا اور عدالتی عملہ غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے کے بجائے ایک ایسے عمل کا حصہ بن رہے ہیں جس کا مقصد ہر صورت مقدمات کو آگے بڑھانا ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے عدالت پر دباؤ اور اثراندازی کے ذریعے عدالتی کارروائی کو ایک مخصوص سمت میں لے جانے کی کوششیں انصاف کے بنیادی اصولوں پر سنگین سوالات کھڑے کرتی ہیں۔

ہم ان سرکاری وکلا کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ کسی ایسے مقدمے کی وکالت قبول کرنا، جس میں ملزمان واضح طور پر ان کی نمائندگی مسترد کر چکے ہوں، قانونی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کے منافی ہے۔ گزشتہ آٹھ روز سے تنظیم کے رہنما اسی غیر منصفانہ اور غیر شفاف عدالتی عمل کے خلاف احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کا مؤقف واضح ہے کہ جب تک مقدمات کو انصاف، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں چلایا جاتا، وہ اس کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

اس کے باوجود متعلقہ وکلا کی جانب سے اس نمائندگی کو قبول کرنا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف جاری اس متنازع عدالتی کارروائی کا حصہ بننا نہایت افسوسناک عمل ہے۔ ہم بار کونسلز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے وکلا کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور اس غیر اخلاقی طرزِ عمل کے خلاف مؤثر احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

اس دوران عدالت کی جانب سے کارروائی مسلسل آگے بڑھائی جا رہی ہے اور گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کے زور پر قانون اور انصاف کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ جب تک ان مقدمات کو اوپن کورٹ میں منتقل نہیں کیا جاتا، ملزمان کو اپنے منتخب وکلا کے ذریعے دفاع کا حق فراہم نہیں کیا جاتا، اور فیس لیس ٹرائل کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔

ہم تمام وکلا تنظیموں، بار کونسلز، انسانی حقوق کے اداروں، صحافیوں، سول سوسائٹی اور باشعور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس غیر منصفانہ عدالتی عمل کے خلاف آواز بلند کریں اور انصاف، شفافیت اور بنیادی قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

فیس لیس ٹرائل کے خلاف رہنماؤں کا جیل کے اندر احتجاج جاری ہے
فیس لیس ٹرائل کے خلاف رہنماؤں کا جیل کے اندر احتجاج جاری ہے
What's your reaction?
0Smile0Angry0LOL0Sad0Love